جمہوریہ گانا میں مذہبی، اقتصادی اور ثقافتی طور پر معاشرے کی ترقی کے لیے شیعہ علماء کی جانب سے کانفرنس کا انعقاد

گانا کے شہر کو ماسی میں مقامی علماء نے موجودہ صورت حال میں اقتصادی اور ثقافتی تبدیلیوں کو اسلامی نقطہ نظر سے دیکھنے کے لئے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا  جسکا عنوان تھا ,,الإمام والأمة والتنمية,, تاکہ لوگوں میں شعور و بیداری پیدا ہو سکے۔ 
مائی لبرٹی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ کانفرنس افریقی جمہوریہ گانا کے شہر کوماسی میں شیعہ علماء کمیٹی کی جانب  سے منعقد کی گئی تھی۔ اس کا مقصد لوگوں کو اسلامی اقدار اور قرآن و اہلبیت علیہم السلام کی روشنی میں زندگی گزارنے کی طور طریقوں سے آگاہ کرنا اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
کانفرنس کے منتظمین نے زور دیا کہ آئمہ علیھم السلام کے فرامین اور علماء کے کردار کی روشنی میں ہمت کے ساتھ اقتصادی، مذہبی اور ثقافتی سطح پر ترقی پذیر معاشروں کی طرف بڑھنا چاہیے تاکہ اسلامی طور طریقوں سے لوگوں کے ساتھ تعلقات بڑھا کر اسلامی اصولوں کو پہنچا دیں اور معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ 
کانفرنس کے شرکاء نے متفقہ طور پر قرارداد پیش کی جس میں مسلمان ہونے کے ناطے ان کے پاس ایک اجتماعی طاقت ہونی چاہیے جو ان کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں مدد دے سکے اور اتفاق و اتحاد کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔
انہوں نے وزارت تعلیم کے ذریعے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ سکولوں میں عربی اساتذہ کی تعیناتی کو دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ بچے اسلامی تعلیمات اور قرآن و حدیث سے دور نہ ہوں اور سکولوں میں تعلیمی معیار بلند ہو سکے ۔