قرآن کی بے حرمتی، او آئی سی کا اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کا مطالبہ

 

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مطالبہ کیا ہے کہ مذہبی منافرت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی قوانین پر عمل کو یقینی بنایا جائے

سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا، جو سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہوا، جس اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اوآئی سی اجلاس میں سویڈن میں عیدالاضحیٰ کے موقع پرقرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے اور اس کے مضمرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کو قابل نفرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک جانب پوری امت مسلمہ عید الاضحیٰ منا رہی تھی اور دوسری جانب قرآن پاک کو جلانے جیسی گھناونی اور ناقابل برداشت حرکت کی گئی جس سے پوری مسلمان دنیا کے دل دکھی ہوئے۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پرزوردیا ہے اور کہا ہے کہ مذہبی منافرت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی قوانین پر عمل کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طہٰ کا کہنا تھا کہ تمام اسلامی ممالک قرآن پاک اور پیغمبر اسلام کی توہین کے واقعات کی روک تھام کے لئے اجتماعی اقدامات کریں، ہمیں بین الاقوامی قانون کے فوری اطلاق کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کو مسلسل یاد دہانی کرانی چاہیے، یہ قانون واضح طور پر مذہبی منافرت کی حمایت کی ممانعت کرتا ہے۔

رسورس مركز الاعلام الدولي