حرم حضرت عباس ؑ کے زیر انتظام اسلام آباد میں علماء و مشائخ کانفرنس کا انعقاد

حرم مولا عباس کی جانب جامعہ الکوثر میں منعقد تین روزہ فاطمہ سبیلِ نجات فیسٹیول میں علما و مشایخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں جناب سیّدہ کی پاکیزہ سیرت اور ان کے فضائل پر مختلف مکاتب کے علما نے روشنی ڈالی

دور حاضر میں امت مسلمہ جس کرب و اضطراب سے گزر رہی ہے اس کی حقیقت ہر صاحب درد مسلمان پر عیاں ہے۔ ایسے میں مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ عظام کے درمیان ہم آہنگی و یگانگت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

اسی مقصد وحید کے حصول کی خاطر حرم مطہر حضرت عباس علمدار علیہ السلام کے قابل قدر اشتراک و تعاون سے وطن عزیز کے مایہ ناز دینی و علمی مرکز جامعہ الکوثر میں ایک عظیم الشان علماء و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں حرم حضرت عباس علمدار علیہ السلام کے وفد کے سربراہ واجب الاحترام علامہ شیخ صلاح کربلائی قائد ملت علامہ ساجد نقوی، مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی ،چئیرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ انور علی نجفی،پروفیسر عبد الماجد وٹو،جمعیت اہل حدیث کے رہنما جناب سکندر حیات ذکی،جناب سید اسامہ بخاری علامہ امین شہیدی، جناب ارشد بلوچ،مفتی عمران اللہ، پیر سعید الرحمان، ڈاکٹر طاہر اسلام عسکری و دیگر اہم شخصیات نے شرکت فرمائی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فاضل مقررین نے امن و بھائی چارے کے فروغ اور مذہبی و مسلکی ہم آہنگی کے ذریعے وطن عزیز کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کا عزم کیا اور علماء و مشائخ کانفرنس کے انعقاد کو مسلکی ہم آہنگی کے حوالے سے نہایت بروقت اور خوش آئند اقدام قرار دیا