تیسرے سالانہ کوثر العصمہ بین الاقوامی فیسٹیول میں 30 ممالک سے شخصیات کی شرکت

حرم امام حسین علیہ السلام میں حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت کی مناسبت سے 20 جمادی الثانی کو (کوثر العصمہ) کے عنوان سے تیسری بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے جس میں مختلف علمی و مذہبی شخصیات شریک ہوئیں۔
افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اس کے بعد حرم امام حسین علیہ السلام کی نمائندگی کرتے ہوئے شعبہ دینی کے مسئول جناب شیخ احمد صافی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت طیبہ ہماری زندگی کے تمام پہلوؤں کے لیے رول ماڈل ہے۔

ہمیں  زندگی گزارنے کے لئے انکی تقلید کرنی چاہیے۔ جناب زہراء سلام اللہ علیہا  ہمارے لیے ہر چیز میں اسوہ حسنہ ہیں۔ آپ کی ذات  دنیا والوں کے لئے نمونہ عمل ہے اور  جنت والوں کے لئے ایک روشن حقیقت ہیں  جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے فرمایا مجھے جب بھی جنت کا اشتیاق ہوتا ہے تو میں آپ علیھا السلام کو بوسہ دیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نہ صرف خواتین کے لیے ایک رول ماڈل ہیں بلکہ وہ ہر ایک کے لیے رول ماڈل ہیں خواہ خواتین ہوں یا مرد ، بالغ ہوں یا نابالغ۔ 
قیادت کا میدان ہو یا عبادت، صدق کا مظاہرہ ہو یا شوہر داری صبر ہو یا تعلیم و تربیت سب امور میں نمونہ عمل ہیں ۔
 جبکہ کانفرنس کمیٹی کے سربراہ علی کاظم سلطان نے انٹرنیشنل میڈیا سنٹرکے نمائندہ کو بتایا کہ اس کانفرنس میں ایشیا یورپ افریقہ اور عرب ممالک سیمت دنیا کے 30 ممالک سے100 سے زائد شخصیات نے شرکت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ  اس فیسٹیول کے لئے جنہوں نے تحقیقی مقالہ لکھا تھا ان میں سے دس بہترین محققین کے مقالوں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن کو انعام دیا جائے گا  اور علمی سیشن میں ان مقالوں پر بحث کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اور بہت سی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
ان میں حضرت زہراء سلام اللہ علیھا پر کی گئی شاعری ، تحقیقی و علمی سیمینارز ، حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا  کے خطبے کا حفظ کا مقابلہ اور بین الاقوامی  کتابی میلہ ہے اور اس کے علاوہ بہت سی دوسری سرگرمیاں شامل ہوں گی

ابراہیم العوینی

ابو علی