انٹر نیشنل میڈیا سنٹر نے مغرب میں اسلامی میڈیا کو درپیش چیلنجز پر لیکچر کا انعقاد کیا

بروز جمعرات، 12/14/2023 کو، انٹرنیشنل میڈیا سنٹر کربلاء میں مڈلسیکس یونیورسٹی برطانیہ کے محقق اور لیکچرر،ڈاکٹر شیخ علی الحکیم نے مغرب میں اسلامی میڈیا کو درپیش چیلنجز کے موضوع پر لیکچر دیا۔
ڈاکٹر شیخ علی نے اپنے لیکچر کے دوران مغرب میں اسلامی میڈیا کو درپیش چیلنجز اور انکے حل پر سیر حاصل گفتگو کی۔
 انہوں نے بتایا کہ ہمیں اہل البیت علیہم السلام کی فکر کو لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے جس میں تحمل برداشت اور انسانی اقدار کی پیروی کا حکم دیا گیا ہے اور تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے کی تعلیم دی گئی ہے۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ صحافی کے لیے ضروری ہے کہ وہ دنیا میں رونما ہونے والے واقعات سے باخبر ہونے کے ساتھ ساتھ تمام واقعات اور ان کے تجزیوں سے بھی باخبر ہو اور دنیا میں ہونے والے تغیرات سے بھی آگاہ ہو۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ذرائع ابلاغ کو فکری،تحقیقی اور مستند اداروں کے ساتھ مضبوط تعلقات کو استوار کرنا چاہیے  تاکہ ایک دوسرے کے اصل نظریات کو پہچان سکیں۔  
شیخ نے مزید کہا کہ میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے تہذیب و تمدن ، ثقافت اور ماڈلیزم کے درمیان فرق کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
 مغرب میں موجود ہر شخص کوئی دانشور نہیں ہوتا ہے۔ اس لئے فورا ان سے متاثر ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔  یہ ہماری کم زوری یا احساس کمتری کا نتیجہ ہے کہ ہم ان لوگوں سے فورا متاثر ہو کر انکی کاپی شروع کر دیتے ہیں اور اسلامی اقدار ،عقیدے اور نظریات سے دستبردار ہو جاتے ہیں۔
جبکہ ہمیں تو اسلامی تعلیمات اور دین محمدی پر فخر کرنا چایئے کیونکہ اسلام ہی ہمیں اصل طریقہ سے زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے۔ 
انہوں نے لیکچر کے اختتام میں کہا کہ اسلامی میڈیا کی طاقت یہی ہے کہ وہ واقعات تاریخ اور موجودہ حالات کے اصل حقایق اور سچ  لوگوں تک پہنچائے اور کسی دوسرے انسان کا نقصان کئے بغیر یہ حقائق لوگوں تک پہنچائے کیونکہ اس وقت میڈیا کا دور ہے۔اس لئے ہمیں اس میدان میں احتیاط اور لائحہ عمل کے ساتھ اترنا ہوگا اور دنیا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔