مسجد راس امام حسین علیہ السلام مصر کی 2022 کی آئیڈل مسجد قرار

مصر کی  وزارت اوقاف نے قاہرہ میں واقع، مسجد راس امام حسین علیہ السلام کو سرگرمیوں اور لوگوں کی سب سے زیادہ توجہ ہونے کی وجہ سے، سال 2022 کی سب سے فعال اور آئیڈیل مسجد کے طور پر منتخب کیا ہے۔
مصر کی وزارت اوقاف کے وزیر ڈاکٹر محمد مختار نے ایک بیان میں کہا کہ قاہرہ میں واقع مسجد راس امام حسین علیہ السلام  کو سرگرمیوں کے حوالے سے، اس سال کی سب سے مصروف ترین مسجد قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصر میں مساجد کی تعمیر و تزیین  میں حکومت کا اہم کردار ہے، خاص طور پر مسجد اہل البیت علیہم السلام اور مسجد راس امام حسین میں،جسکی حال ہی میں تزیین و آرائش کر کے اسے زائرئن کے لئے کھول دیا گیا تھا۔
 اس کے بعد سے یہ مسجد نمازیوں کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ اس مسجد میں عقائد ،اخلاق ،محفل انس قرآن اور مختلف دینی و ثقافتی موضوعات کے متعلق پروگرام بھی منعقد کیے گئے ہیں۔
مزید برآں وزارت اوقاف نے جون 2014 سے اب تک مجموعی طور پر 9 ہزار 600 مساجد کی تعمیر یا تزیین وآرائش کی ہے۔
صدرسیسی کی خصوصی ہدایت پرمحکمہ اوقاف نے اہل بیت علیہم السلام سے منسوب تمام مقامات  کی بحالی اور ان کی تزیین و آرائش پر کام کررہا ہے خاص طور پرمقام راس امام حسین علیہ السلام اورمقام سیدہ نفیسہ سلام اللہ علیہا اورسیدہ زینب سلام اللہ علیہا ۔
 ان مقامات کی تزیین وآرائش کے ساتھ ساتھ مسجد کے اندرونی ہال کی سجاوٹ بھی اس پروجیکٹ کا حصہ ہے۔