مؤسسہ الخوئی،جامعة الکوثر،اسلام آباد میں فاطمة علیھا السلام کوثر العطاء کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد

آج مورخہ یکم دسمبر 2022 بروز جمعرات المصطفی آڈیٹوریم جامعة الکوثرمیں ایام فاطمیہ کے استقبال کی خاطر فاطمة علیھا السلام کوثرالعطاء کے نام سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی۔

کانفرنس میں پاکستان بھر میں محراب و منبر کی زینت بننے والے خطباء و مبلغین کرام نے کی شرکت اور بزرگ علمائے کرام کے موعظہ حسنہ سے خطباء کرام مستفید ہوئے

اس پرنور کانفرنس کا با قاعدہ آغاز مدرسہ حفاظ سکردو کے طالب علم حافظ فیض اللہ نے تلاوت کلام الٰہی سے کیا۔ پھر شعبہ تبلیغات الکوثر کے کوارڈینیٹر مولانا نقاش الحسنین نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ اس کے بعد مدرسہ حفاظ سکردو کے تواشیح گروہ کی تواشیخ سے سامعین محذوذ ہوئے

بعد ازآں مختلف مقامات پر خدمات انجام دینے والے جامعة الکوثر کے فاضل اہل منبر کی نمائندگی میں علماء و خطباء نے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی تجربات و مشاہدات سے آگاہ کیا،خطباء و مبلغین تک مستند تبلیغی مواد پہنچانے اورجدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے سلسلہ تبلیغ و ترویج دین کی خاطر تشکیل کردہ ویب سائٹ رسالات کے بارے ملٹی میڈیا پریزینٹیشن پیش کیا۔

 اس کے بعد مسئول شعبہ تبلیغات الکوثر علامہ اشرف حسین اخونزادہ نے شعبہ تبلیغات کی ضرورت و فعالیت پر روشنی ڈالی۔ پھر بزرگ عالم دین علامہ شیخ محمد شفا نجفی اور اس نشست کے مہمان خصوصی علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے خطباء کرام کو اپنے موعظہ حسنہ سے نوازتے ہوئے عملی تبلیغ انجام دینے کی تاکید فرمائی۔

 آخر میں شیخ الجامعہ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے منبر و محراب کی ذمہ داری نبھانے والے فاضلین کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور نصیحت فرمائی کہ منبر کی اس انتہائی پروقار ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خودداری اور اخلاص کی صفت سے اپنے آپ کو آراستہ کرنا نہ بھولیں۔ یوں یہ نورانی نشست دعائیہ کلمات کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی