ہندوستان سالار جنگ میوزیم: قرآن کے طویل نسخے کی نمائش

سالار جنگ میوزیم میں قرآن مجید اور مقدس اسلامی آثار کی آرٹ نمائش جاری ہے  ۔ اس عظیم الشان اورمتبرک نمائش میں فن خطاطی کے دل کو خیرہ کرنے والے نادر اور نایاب طغرے اور کلکشن سب کے توجہ کا مرکز ہیں۔ نمائش میں خصوصیت کے ساتھ قرآن مجید کے دنیا کے سب سے بڑے نسخہ کے ایک پارہ کو بھی رکھا گیا ہے۔

 فن خطاطی کے لئے شہر حیدرآباد عالمی سطح پر شہرت کا حامل ہے۔ سرزمین دکن کے خطاط نے موتیوں کے شہر حیدرآباد کو سارے عالم میں فن خطاطی میں منفرد مقام دلانے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے۔

مقدس ماہ رمضان میں نور انٹر نیشنل مائیکرو فلم سنٹر نئی دہلی کی جانب سے سالار جنگ میوزیم' کلچرہاوز ایمبسی آف اسلامی جمہوریہ ایران ' عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ ' روزنامہ سیاست' مولانا ابو الکلام آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور ادارہ ادبیات اردو کے تعاون و اشتراک سے متبرک نمائش کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے۔سالار جنگ میوزیم کے میر عباس یار جنگ ہال ویسٹرن بلاک میں نمائش 30اپریل تک جاری رہے گی۔

نمائش میں فن خطاطی کے سینکڑوں نمونوں کو رکھا گیا ہے جن میں روزنامہ سیاست کی جانب سے زائد از 130اور نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کی طرف سے 135سے زیادہ نمونے پیش کئے گئے ہیں۔فن خطاطی کے نادر و نایاب نسخے شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ شرکا نے ماہ صیام میں مقدس نورانی نمائش کے انعقاد پر خوشنودی کا اظہار کیا ہے۔

نمائش میں قرآن پاک کے دنیا کے سب سے بڑے نسخہ کے ایک پارہ کو رکھا گیا ہے ۔اس کی لمبائی دو میٹر اور چوڑائی ایک میٹر ہے ۔ نمائش میں اس پارہ کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگئی ہے ۔ شرکاء بصد عقیدت و احترام نہ صرف اس نادر اور نایاب پارہ کا مشاہدہ کر رہے ہیں بلکہ روحانی تسکین حاصل کر رہے ہیں۔