عتبہ حسینیہ نے ترکیہ کے وفد کا استقبال کیا

حرم امام حسین علیہ السلام کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کےذیلی ادارے انٹر نیشنل میڈیا سنٹر کے تعاون سے جمہوریہ ترکیہ کے مجمع اہل البیت علیہم السلام کے ایک اعلی سطحی وفد نے کربلاء معلی میں حرم امام حسین علیہ السلام کا دورہ کیا ہے۔ وفد کی سربراہی شیخ علی اکبر حفظہ اللہ کر رہے تھے جو ترکیہ میں مجمع اہل البیت علیہم السلام کے سربراہ اور استنبول میں واقع مسجد فاطمہ الزہرا کے امام جمعہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مقدس مہینے کی بابرکت راتوں میں حرم امام حسین علیہ السلام کی دعوت پر زیارت کا شرف حاصل ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران حرم امام حسین علیہ السلام کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مسئول جناب عباس خفاجی سے بھی ملاقات کی اور انکے ساتھ ترکیہ میں مذہبی و ثقافتی پروگراموں کے لئے اداروں کے ساتھ مشترکہ تعاون کے طریقہ کار پر بات چیت ہوئی۔ وفد نے حرم امام حسین علیہ السلام کے میوزیم کا بھی دورہ کیا اور اس میں موجود قدیمی نوادارت کو دیکھا اور ان آثار کو محفوظ رکھنے پر میوزیم کی انتظامیہ کو سراہا۔ ان دوروں کا مقصد اسلامی معاشروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور کربلاء اور باقی مقدس شہروں میں اہل بیت علیہم السلام کے ورثہ اور تعلیمات کو پہنچانا ہے۔ مزید برآں دنیا کے سامنے تعلیمات آل محمد کو پیش کرنا ہے۔ ابراہیم العوینی ابو علی